عام انتخابات2024 : کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مقررہ وقت ختم

اسلام آباد : ملک بھر میں سیاسی گہما گہمی جاری ہے، عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز تھا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 2 روزہ توسیع آج ختم ہو جائے گی، چاروں صوبوں میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ آج مکمل ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کی تھی، الیکشن کمیشن کے نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کیخلاف اپیل 3 جنوری تک دائر ہوگی، پولنگ شیڈول کے مطابق 8 فروری 2024 کو ہوگی۔

دوسری جانب عام انتخابات میں حصہ لینے والے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ دن بھر جاری ہے۔

لاہور میں قومی اسمبلی کی 14 نشستوں پر 150 سے زائد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے، 30 صوبائی حلقوں میں 350 سے زائد امیدوار قسمت آزمائیں گے۔

این اے 123 سے نوازشریف کے کاغذات جمع کرائے جائیں گے، جہانگیر ترین تین حلقوں سے الیکشن لڑیں گے، لودھراں میں این اے 155، پی پی 227 اور ملتان میں این اے 149 میں کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔

بانی پی ٹی آئی لاہور سے بھی الیکشن لڑیں گے، این اے 122 سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے، مریم نواز 5 حلقوں سے الیکشن لڑیں گی، این اے 119 اور این اے 120 لاہور میں کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔

بلاول بھٹو این اے 128 لاہور سے الیکشن میں حصہ لیں گے، این اے 242 کراچی میں شہبازشریف کے کاغذات جمع ہوچکے ہیں، صدرن لیگ کا مصطفیٰ کمال اور قادر مندوخیل سے مقابلہ متوقع ہے، محمود خان سوات میں 4 حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔

علاوہ ازیں نواز شریف این اے 15 مانسہرہ سے انتخابات میں حصہ لیں گے، بانی پی ٹی آئی کے میانوالی کی نشست این اے 89 سے کاغذات جمع کرا دیئے گئے۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے قصور کے حلقہ این اے 132 سے بھی کاغذات جمع کرادیئے، فواد چودھری کی اہلیہ حبا فواد چودھری حلقہ این اے 61 جہلم سے بطور آزاد امیدوار سامنے آگئیں، مسلم لیگ ق کے چودھری سالک حسین نے این اے 64 سے کاغذات جمع کرائے۔

سابق آصف علی زرداری این اے 207 نواب شاہ سے الیکشن لڑیں گے، پرویز خٹک نے این اے 33 نوشہرہ اور 2 صوبائی نشستوں سے کاغذات جمع کرادیئے، سراج الحق این اے 7 لوئر دیر سے قسمت آزمائیں گے۔

سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے این اے 242 اور این اے 247 کراچی سے کاغذات جمع کرا دیئے، بانی پی ٹی آئی لاہور کے حلقہ این اے 122 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں، عطا اللہ تارڑ نے پی پی 35 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ چار روز کے دوران متعدد سیاسی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے اور جمع کرائے ہیں۔

More Stories
باجوڑ حملہ ریاستی اداروں کی بڑی ناکامی، 26 انٹیلیجنس ایجنسیاں کہاں غائب تھیں، مولانا فضل الرحمٰن