سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف ایک اور نیب ریفرنس دائر

اسلام آباد : نیب نے احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا۔ نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں بشری بی بی کو ملزمان کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں نیب نے تحقیقات مکمل کرلیں۔نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس افسر وقار الحسن کے ہمراہ ریفرنس احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کردیا۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے دائر ریفرنس میں  دوملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جن میں سابق چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشری بی بی شامل ہیں۔ احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔

توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم کو الیکشن کمیشن نے نااہل کیا ہوا ہے۔ معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے پر نیب کی اعلیٰ انتظامیہ نے استغاثہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کرپشن ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔

نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ وزارت عظمی کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے 108 تحائف ملے ،108 تحائف میں سے 58 تحائف ملزمان نے رکھ لیے،تحائف کی کم مالیت ظاہر کرکے رکھے گئے، ملزمان نے سعودی ولی عہد سے ملنے والا جیولری سیٹ بھی کم مالیت پر حاصل کیا، ریفرنس میں کہا گیا کہ بشری بی بی نے سعودی ولی عہد سے ملنے والا جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کروایا، ملزمان تحائف توشہ خانہ میں جمع کرواںے کے پابند تھے۔

نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم کیخلاف احتساب عدالت میں دائر کیا جانے والا یہ دوسرا کرپشن ریفرنس ہے۔ چند روز قبل نیب نے سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور دیگر کیخلاف القادر ٹرسٹ کیس میں کرپشن ریفرنس دائر کیا تھا۔

More Stories
12ویں فیل: بالی ووڈ ستارے بھی مداح، عالیہ اور دیپیکا نے تو تعریفوں کے پل باندھ دیے