راؤ انوار جن کا کھلونا ہے انہوں نے اس کو لانچ کیا،بلاول بھٹو

اسلام آباد : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے سابق ایس ایس پی راؤ انوار سے متعلق سوال کے جواب میں کہا ہے کہ یہ جن کا کھلونا ہے انہوں نے اس کو لانچ کیا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جہاں 12 سال بعد صدرکے ریفرنس پر سماعت ہوئی، میں نے 2018 میں کیس سننے کے لیے درخواست دائر کی، ہمیں ذوالفقار بھٹو کے لیے انصاف چاہیے ، مجھے انصاف دیا جائے اور قوم کو بتایا جائے کہ شہید ذوالفقار بھٹو بے قصور تھے کیونکہ عوام نے بہت پہلے فیصلہ کردیا تھا کہ ذوالفقار بھٹو بے گناہ تھے۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ اب عدالت سے اپیل ہے کہ آپ نے تاریخ کو درست کرنا ہے، ایسا فیصلہ کرنا چاہیےکہ آئندہ کے لیے دروازہ بند ہو جائے، امید ہے اس بار پیپلزپارٹی اور عوام کو قائد عوام کے کیس میں ریلیف ملے گا۔عام انتخابات سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر 100 فیصد اعتماد ہے، فروری 8 پتھر پرلکھا ہے کہ الیکشن ہوں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا بہت پرانا مؤقف اور مطالبہ ہے کہ سب دائرے میں رہ کر کام کریں، سیاستدان بھی جمہوریت کے دائرے میں رہ کر کام کریں، ادارے بھی اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں، تب ہی ہماری معیشت اور ملک چلے گا، میں پرانے سیاستدانوں کی پرانی سیاست دیکھ چکا ہوں، ان کا کوئی رویہ نہیں ان کو رویہ تبدیل کرنا ہے، انہوں نے وہی پرانی سیاست کرنا ہے جس سے نہ ملک اور نہ معیشت ترقی کرے گی، ہم ایسے اس ماحول سے نہیں نکل سکیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم نے سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی پر پہنچا دیا ہے، کوئی کسی بھی جماعت سے ہو سب پاکستانی ہیں، فیصلہ کریں اختلافات الگ رکھیں گے لیکن ساتھ مل کر مسائل کا حل نکالیں گے، اس نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کریں اور نئی سیاست شروع کریں۔

راؤ انوار سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ یہ جن کا کھلونا ہے انہوں نے اس کو لانچ کیا، لیاری کے کارکنوں نے اس کھلونے کے بارے میں ایک نعرہ دیا ہے، لیاری کے کارکنوں کا نعرہ ہے میاں تیرے جانثار ، بشیر میمن، راؤ انوار۔

More Stories
جو کچھ ہوا ، بُرا ہوا، تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، غلام سرور خان