ورلڈ کپ 2023: 15 اکتوبر کو ہونے والا پاک بھارت میچ ری شیڈول ہونے کا امکان

بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران 15 اکتوبر کو پاک بھارت ٹاکرا ری شیڈول ہوسکتا ہے، کیونکہ بھارتی سیکیورٹی اداروں نے 15 اکتوبر کو سیکورٹی خدشات کے تحت میچ ری شیڈول کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے کہا ہے کہ 15 اکتوبر کو ہندو برادری نوراتی کا تہوار مناتی ہے، رسومات کے دوران ریلیاں بھی نکالی جاتی ہیں، اس دوران ہزاروں کی تعداد میں لوگ میچ دیکھنے آئیں گے تو سیکیورٹی خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی سیکیورٹی اداروں نے ہائی پروفائل سیکیورٹی کی فراہمی ممکن نہ ہونے کی وجہ سے میچ کی تاریخ بدلنے کا مشورہ دیا ہے، اگر تاریخ بدل دی جاتی ہے تو شائقین کو لاجسٹک چیلنجز کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

15 اکتوبر کو شیڈول پاک بھارت میچ کے لیے کرکٹ شائقین نے پہلے ہی ٹکٹیں خرید رکھی ہیں اور سفری انتظامات مکمل کیے ہوئے ہیں اگر میچ کا شیڈول بدل دیا گیا تو شائقین کے لیے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے کہاکہ سیکیورٹی اداروں نے میچ ری شیڈول کرنے کا مشورہ دیا ہے لیکن ہم ابھی دیگرآپشنز پرغور کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا، اور شیڈول کے مطابق روایتی حریف بھارت کے ساتھ پاکستان کا ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونا ہے۔

More Stories
الیکشن 2024 میں دھاندلی پر پی ٹی آئی نے فارم 45 کا ڈیٹا جاری کردیا