عام انتخابات 90 روز میں نہیں ہوں گے،الیکشن کمیشن کا ڈیجیٹل مردم شماری پر حلقہ بندیاں کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد : عام انتخابات 90 روز میں نہیں ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے نتائج کی بنیاد پر نئی حلقہ بندیاں کروانے کا اعلان کر لیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حالیہ ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے سرکاری اشاعت شدہ نتائج کے مطابق نئی حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں شیڈول کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ حلقہ بندیاں 14 دسمبر کو مکمل ہوں گی۔ 21 اگست کو چاروں صوبوں اور اسلام اباد کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ یکم ستمبر سے 4 ستمبر تک حلقہ بندیوں کمیٹیوں کو ٹریننگ دی جائے گی۔ حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت 9اکتوبر کو ہو گی ۔حلقہ بندیوں کے خلاف اپیلیں 10اکتوبر سے 8نومبر تک کی جاسکیں گی ۔الیکشن کمیشن 10نومبر سے 9دسمبر تک شکایات پر سماعت کرے گا

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں صوبائی حکومتوں اور ادارہ شماریات سے معاونت طلب کی گئی ہے اور اس سلسلے میں ضروری احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ نئی مردم شماری کے تنائج کی اشاعت کے بعد الیکشن کمیشن پر نئی حلقہ بندیاں کروانا لازم ہے۔

More Stories
غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار ، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو نوٹس