کوئٹہ وکیل قتل کیس : سپریم کورٹ نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان نے کوئٹہ وکیل قتل کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 24 جولائی کو ذاتی حثیت میں طلب کر لیا ہے۔

جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس یحیی آفریدی نے عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف لینے کیلئے درخواست گزار کو ذاتی حثیت میں پیش ہو کر عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا ہوتا ہے۔

جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ چئیرمین پی ٹی آئی کو کہیں کہ وہ خود عدالت میں پیش ہوں۔جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سوال کیا تو کیا چئیرمین پی ٹی آئی آج پیش ہو سکتے ہیں؟

وکیل لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ ایک گھنٹے میں سپریم کورٹ آ جائیں گے جس پر جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ چئیرمین پی ٹی آئی کو آج آنے کا کہہ دیتے ہیں۔جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دیئے کہ بہتر ہوگا پہلے حکومتی وکیل کا اس کیس میں جواب آجائے پھر چئیرمین پی ٹی آئی پیش ہوں۔

پراسیکیوٹر جنرل بلوچستان نے جواب جمع کروانے کیلئے مہلت کی استدعا کی تو عدالت نے فریقین کو جواب جمع کروانے کیلئے مہلت دیتے ہوئے چیرمین پی ٹی آئی کو کوئٹہ وکیل قتل کیس میں 24 جولائی کو صبح دس بجے ذاتی حثیت میں طلب کر لیا۔

More Stories
ملک بھر میں عام انتخابات کیلیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے