لاہور : استحکام پاکستان پارٹی نے اپنا منشور تیار کر لیا جس کے چیدہ چیدہ نکات منظر عام پر آگئے ہیں۔
استحکام پاکستان پارٹی نے سال 2023 کے عام انتخابات کیلئے اپنے منشور کو حتمی شکل دے دی، آئی پی پی کے منشور میں پاکستانی معاشرے کو اسلامی معاشرے میں ڈھالنے، ختم نبوتؐ پر موثر قانون سازی، مدارس کو قومی دھارے میں لانے کے ساتھ معاشی اصلاحات پر بھی کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
آئی پی پی منشور میں زرعی اصلاحات کے تحت 12 ایکڑ تک زرعی اراضی رکھنے والے کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی جبکہ مزدور کی کم سے کم ماہانہ تنخواہ 50 ہزار روپے ماہوار مقرر کی جائے گی۔
شہریوں کو 300 یونٹس تک بجلی مفت، کچی آبادیوں کے لئے مالکانہ حقوق، شہریوں کیلئے اپارٹمنٹ بلڈنگز کے کم لاگت رہائشی منصوبے تیار کئے جائیں گے۔
منشور کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی نے موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول کی آدھی قیمتوں پر فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، جبکہ ائیر کنڈیشنڈ پبلک ٹرانسپورٹ، بزرگ شہریوں، خواتین اور سٹوڈنٹس کیلئے مفت سفری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
استحکام پاکستان پارٹی منشور میں ملک کے لئے آزادانہ اور خودمختار خارجہ پالیسی یقینی بنانے کا وعدہ کیا گیا جبکہ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق،پاکستان میں ان کی جائیدادوں کے تحفظ و انصاف کی فراہمی شامل ہے۔
یوتھ اور خواتین کیلئے آسان شرائط پر بلا سود قرضوں و ملازمتوں کی فراہمی، ٹیکنیکل مراکز کا قیام، نئے سرکاری میڈیکل و انجینئرنگ کالج کا قیام، بیرون ملک سکالر شپ کی فراہمی منشور کا حصہ ہوگی۔
استحکام پاکستان پارٹی کا منشور منظور ہو گیا، جس میں اہم شعبوں میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔