افغانستان سے دوبارہ حملہ ہوا تو موثر جواب دیں گے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

اسلام آباد : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کی ’محفوظ‘ پناہ گاہوں اور آزادانہ کارروائیوں پر شدید تحفظات ہیں، اس طرح کے حملے ناقابل برداشت ہیں ،پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے موثر جوابی کارروائی ہوگی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا اور  سی ایم ایچ کوئٹہ میں ژوب واقعہ میں زخمی جوانوں کی عیادت اورشہدا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ژوب میں دہشت گردوں کے حالیہ حملوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کی ’محفوظ‘ پناہ گاہوں اور آزادانہ کارروائیوں پر شدید تحفظات ہیں، اس طرح کے حملے ناقابل برداشت ہیں ،پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے موثر جوابی کارروائی ہوگی۔

سپہ سالار نے کہاکہ دوحہ معاہدے اور وعدوں کے بر خلاف پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان شہریوں کی شمولیت پر بھی تشویش ہے ، توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

ترجمان پاک فوج نے واضح کیاکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا اور مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی۔قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔

More Stories
مجھے نہ نکالاجاتا تو آج مانسہرہ میں ایئرپورٹ اور میٹروبس ہوتی، نواز شریف