ا‏سلام آباد کی ضلعی عدالت کا آئی جی اسلام آباد و دیگر کے خلاف  اندراج مقدمہ کا حکم

ا‏سلام آباد کی ضلعی عدالت نے آئی جی اسلام آباد و دیگر کے خلاف  اندراج مقدمہ کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے 22 اے کی درخواست منظور کرتے ہوئے مقدمہ اندراج کا حکم دیا ہے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں صوبائی وزیر شہرام تراکئی کے چچا محمد علی تراکئی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

مدعی کی جانب سے وکیل شیر افضل عدالت میں پیش ہوئےاور عدالت کو بتایا کہ سیکٹر ایف سیون میں واقع شہرام تراکئی کے چچا محمد علی تراکئی کے گھر پر 22 جون 2023 کو رات کچھ لوگ آئے۔ بغیر وارنٹ اور بغیر کسی جرم کے پولیس نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا۔ گھر کا مالک اور اس کے اہل خانہ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ میں تھے۔

درخواستگزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا پولیس نے گھر پر تباہی مچائی اور دو نوکروں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ پورے گھر کے سی سی ٹی وی کیمرے اور دروازے، الماری اور تالے اوزاروں سے توڑ دیے گئے۔ سیف کے اندر سے طلائی زیورات، چالیس لاکھ روپے، فون اور لیپ ٹاپ لوٹ لئے گئے۔

ایڈیشنل سیشن جج امید علی بلوچ  نے ایس ایچ او تھانہ کوہسار کو مقدمہ اندراج کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ۔چوکیدار اختر علی نے ایف سیون گھر پر غیر قانونی چھاپے کی درخواست دائر کی تھی۔ پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرنے پر سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی ۔درخواست گزار نے درخواست میں آئی جی اسلام آباد ، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور ایس پی نوشیروان کو نامزد کیا تھا۔

 

More Stories
چین غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے کاروباری ماحول میں بہتری جاری رکھے گا