توشہ خانہ کیس : عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے کیس میں مزید گوہان کو شامل کرنے کی درخواست پر کل الیکشن کمیشن سے دلائل طلب کر لئے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشنز جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل بیرسٹر گوہر نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس کی عدم دستیابی کی بنا پر سماعت نہیں ہوسکی، عدالت سے درخواست ہے کہ انصاف کی بنیاد پر ایک اور موقع دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن کی چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کیس کا گواہ اپنا کام چھوڑ کر اسلام آباد میں موجود ہے، عدالت نے حکم امتناع نہیں دے رکھا، اس کیس کو آگے چلایا جائے ۔ ٹرائل کو تاخیر کا شکار کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔

بعدازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کی جانب سے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کو عدالت نے منظورکر لیا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ فوجداری کیس میں مزید 3 گواہان کو شامل کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی ہے، عدالت کے الیکشن کمیشن کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے کیس میں مزید گوہان کو شامل کرنے کی درخواست پر کل الیکشن کمیشن سے دلائل طلب کر لئے ہیں۔

More Stories
آگیا وہ شاہکار جس کا تھا سب کو انتظار، پی ایس ایل 9 کا شیڈول جاری