ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی، وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا، ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی۔ پنجاب انڈوومنٹ فنڈ کو پاکستان انڈوومنٹ فنڈ بنانے کا کہہ دیا ہے، ہماری حکومت نے 2008 میں یہ فنڈ قائم کیا تھا جس کے تحت ہزاروں غریب طلبا مستفید ہوئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ اور قومی نصاب کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جدید تعلیم کے ذریعے ہی پاکستان کی ترقی و خوشحالی ممکن ہے کیوںکہ جتنی بھی قومیں اس وقت دنیا میں ترقی یافتہ ہیں انہوں نے تعلیم کے ذریعے ترقی حاصل کی ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ 2008 میں پنجاب میں انڈومنٹ فنڈ کا آغاز کیا گیا، غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والے محنتی بچے اس فنڈ میں شامل کیے گئے جن میں سے آج ہزاروں بچے ڈاکٹر اور انجنیئرز بن چکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم آتے جاتے رہتے ہیں اس قسم کے فنڈز کو قائم رہنا چاہیے، جو بھی حکومت آئے اس کی پہلی ترجیح تعلیم ہونی چاہیے۔ ملک کے مالی وسائل طلبا پر نچھاورنہ کیے گئے تو ہم دنیا میں پیچھے رہ جائیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ میری ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ تعلیم کے وسائل کو بڑھانے کی کوشش کروں کیونکہ تعلیم کے بغیر قوم آگے بڑھ ہی نہیں سکتی، آج ہمسایہ ممالک ہم سے اسی وجہ سے آگے ہو چکے ہیں کہ ہم نے تعلیم پر توجہ نہیں دی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا، ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی۔

More Stories
پاکستان کے ساتھ دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے کا عزم برقرار ہے،  امریکا