امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ خوش آئند ہے اور ملک کی معاشی بحالی و خوشحالی کے لیے امریکہ اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفننگ کے دوران کہا کہ میں یہ کہوں گا کہ ہم اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اس پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان سٹاف لیول معاہدے طے ہوا۔
میتھیو ملر نے کہا کہ ملک کی معاشی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے۔ اور ہم تکنیکی تعاون کے ذریعے پاکستان کے ساتھ رابطے جاری رکھیں گے اور اپنے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط کرتے رہیں گے، یہ سب ہمارے دو طرفہ تعلقات کی ترجیحات ہیں۔
امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ معاشی بحالی اور خوشحالی کے طویل المدتی پائیدار راستے پر گامزن ہونے کے لیے پاکستان کو بہت زیادہ محنت کرنی ہے، لیکن ہم اس عمل میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ امریکہ نے پاکستان سے یہ مطالبہ کبھی نہیں کیا کہ اسے امریکہ یا چین میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات عوامی سطح پر رابطوں پر مبنی ہیں۔ ہم اپنی شراکت داری اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے طریقے تلاش کرتے رہیں گے۔ پاکستان کے ساتھ ہمارا اقتصادی تعاون اس خطے کے لیے ہمارے وژن کی عکاسی کرتا ہے جو کہ آزاد، مضبوط اور خوشحال قوموں پر مشتمل ہے۔ اور ہمارے تعلقات احترام اور شراکت داری کے جذبے پر مبنی ہیں۔