بھارت نے روٹین کا پانی چھوڑا، پنجاب میں کسی جگہ سیلاب نہیں آ رہا، نگران وزیر اعلیٰ

لاہور : نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے راوی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو حفاظتی انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج صبح پیغام آیا کہ بھارت نے پانی چھوڑا ہے، بھارت نے روٹین کا پانی چھوڑا، ابھی سیلاب پنجاب میں یا کسی بھی جگہ نہیں آرہا، آئندہ 2 ماہ بہت اہم ہیں، بھارت میں جو بارشیں ہونی ہیں اس کا اثر یہاں پڑے گا، ہمارے تمام ادارے اپنی اپنی ایکسرسائز پوری کر رہے ہیں۔

محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ صوبائی اور مقامی انتظامیہ سیلاب کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، ہنگامی صورتحال میں مجھے بھی یہاں آکر کھڑا ہونا پڑا تو ضرور آؤں گا، دریا کے اندر غیر ضروری رہائش گاہ نہیں بنی ہونی چاہئیں، لوگوں نے دریا کے اندر آبادی بنائی ہوئی ہے، دریا کے اندر بنائی گئی آبادی کو توڑنا پڑے گا۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ غیر ضروری گھروں کو ہنگامی بنیادوں پر کلیئر کریں گے، کئی بار جانوروں کا نقصان بہت زیادہ ہو جاتا ہے، ہمارا کام انسانی جانوں کو بچانا ہے، ہمارے وزیر پلاننگ فیلڈ میں موجود ہیں، ڈینگی کے روک تھام کیلئے بھی انتظامات شروع کر دیئے ہیں، محرم میں سکیورٹی کی تیاری کیلئے وزراء ہر ڈویژن میں جائیں گے۔

More Stories
ایپکس کمیٹی اجلاس میں وزیراعظم کی معاشی استحکام میں کردار پر آرمی چیف کی تعریف