جسٹس مسرت ہلالی نے بطور سپریم کورٹ جج عہدے کا حلف اٹھالیا

اسلام آباد : جسٹس مسرت ہلالی نے بطور سپریم آف پاکستان جج کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ۔

سپریم کورٹ میں جسٹس مسرت ہلالی کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس مسرت ہلالی سے حلف لیا ، حلف برداری تقریب میں سینئر ججز، اٹارنی جنرل، وکلاء بھی شریک ہوئے ۔

جسٹس مسرت ہلالی 3 سال تک سپریم کورٹ کے جج کے طور پر خدمات ادا کریں گی۔  جسٹس عائشہ ملک کے بعد جسٹس مسرت ہلالی سپریم کورٹ میں تعینات ہونے والی دوسری خاتون جج ہیں ، جسٹس مسرت کے حلف اٹھانے کے بعد سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔

اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس مسرت ہلالی کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔یکم اپریل کو جسٹس مسرت ہلالی نے پشاور ہائیکورٹ کی قائم مقام چیف جسٹس کا حلف لیا تھا، جس کے بعد وہ خیبرپختونخوا کی تاریخ میں اس عہدے پر پہنچنے والی پہلی خاتون بن گئی تھیں۔

گزشتہ ماہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور ہائیکورٹ میں بطور قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں ادا کرنے والی جسٹس مسرت ہلالی کی آئین کے آرٹیکل 175 اے (13) کے تحت بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ تعیناتی کی منظوری دی تھی۔8 اگست 1961 کو پشاور میں پیدا ہونے والی جسٹس مسرت ہلالی نے خیبر لاء کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد 1983 میں وکالت کا آغاز کیا۔

جسٹس مسرت ہلالی نے 1988 میں ہائیکورٹ، جبکہ 2006 میں سپریم کورٹ کا لائسنس بھی حاصل کر لیا، 1988 میں جسٹس مسرت ہلالی پشاور بار کی پہلی خاتون سیکریٹری منتخب ہوئیں۔آپ 1992 سے 1994 تک بار کی نائب صدر رہیں، جبکہ 1997 میں دوسری بار سیکریٹری منتخب ہوئیں،  جسٹس مسرت ہلالی سال 2001 بطور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا تعینات ہوئیں۔

جسٹس مسرت ہلالی 2007 کی وکلاء تحریک میں بھرپور سرگرم رہیں اور احتجاجی مظاہروں میں مرد وکلاء کے شانہ بشانہ شرکت کرتی رہیں۔2013 میں وہ پشاور ہائی کورٹ کی ایڈیشنل جج تعینات ہوئیں اور 2014 میں مستقل جج بن گئیں۔

اس کے علاوہ انہیں پشاور ہائیکورٹ بار کی نائب صدر، سیکریٹری، خیبرپختونخوا کی پہلی خاتون ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل، پہلی صوبائی محتسب کے عہدوں پر فائز رہنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔جسٹس مسرت ہلالی سپریم کورٹ بار ایسویسی ایشن کی ایگزیگٹو ممبر بھی رہ چکی ہیں ، وہ چیئرپرسن انوائرنمنٹل پروٹیکش ٹربیونل بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

31 مارچ 2026 کو چیف جسٹس کے عہدے پر تعینات ہونے والی جسٹس مسرت ہلالی یکم اپریل کو ریٹائر ہو جائیں گی۔

More Stories
سال 2023 کا اختتام: اب دنیا کے 10 امیر ترین خاندان کون سے ہیں؟