نوازشریف کی کارکنوں کو عام انتخابات کی تیاری کی ہدایت

مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کارکنوں کو الیکشن کی تیاری کی ہدایت جاری کردی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ  کارکنوں نے بڑی ثابت قدمی کے ساتھ ظلم و جبر کے دور کا سامنا کیا ہے، جمہوریت کے لیے پارٹی قائدین کے ساتھ ساتھ کارکنوں نے بھی قربانیاں دی ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ عام انتخابات کی تیاری کی جائے۔پارٹی کا پیغام ملک بھر میں عام کیا جائے۔

دوسری جانب آئندہ ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ اور ممکنہ حکمت عملی طے کرنے کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لیگی رہنماؤں کی اہم بیٹھک لندن میں طلب کر لی ہے،لندن اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کی ممکنہ تاریخ، موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر اہم امور زیر بحث لائے جائیں گے، اجلاس میں عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی بارے بھی مشاورت ہو گی، نواز شریف کی وطن واپسی کا فیصلہ ہوا تو اس سے پہلے تاحیات نااہلی کے خاتمے، واپسی کے شہر اور استقبال کی تیاریوں پر بھی غور ہو گا۔

لندن اجلاس میں آئندہ عام انتخابات میں پنجاب سمیت ملک بھر میں پی ڈی ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں سے ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی مشاورت ہو گی، اجلاس میں پنجاب سے قومی و صوبائی اسمبلی کے ممکنہ امیدواروں میں ٹکٹوں کی تقسیم بارے غور ہو گا، مریم نواز اور رانا ثناء اللہ پنجاب سے ممکنہ امیدواروں کی فہرستیں نواز شریف کو پیش کرینگے۔

More Stories
عمران خان ، شاہ محمود کو سزا: پی ٹی آئی نے کارکنوں کو آئندہ کا لائحہ عمل بتا دیا