عمران خان ، شاہ محمود کو سزا: پی ٹی آئی نے کارکنوں کو آئندہ کا لائحہ عمل بتا دیا

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو سزا سنائے جانے کے بعد کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام ممبران اور پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ اس کینگرو عدالت کی طرف سے وزیر اعظم عمران خان اور وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کے خلاف فیصلے کے بعد پرسکون اور پرامن رہیں۔

سابق وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان 8 فروری 2024 کو بڑی تعداد میں باہر آنے پر توجہ دیں تاکہ زیادہ تعداد میں ووٹرز کی ووٹنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔تحریک انصاف کے حامی ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ  وزیر اعظم عمران خان کے نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ دیں جن کے نام پی ٹی آئی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا چینلز پر پوسٹ کیے گئے ہیں۔

پی ٹی آَئی کے سینئر رہنما عمر ایوب خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ ’قانون کی حکمرانی‘ کے اصول کی پاسداری کی ہے۔ موجودہ کینگرو عدالت کا فیصلہ ہمیں اس اصول کو آگے بڑھانے سے نہیں روک سکے گا۔پی ٹی آئی کے کارکنان پرسکون رہیں اور کسی بھی ایسی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں جس سے پرامن جدوجہد کے ہمارے روایتی موقف کو نقصان پہنچے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل کریں گے اور اپنی قانونی جنگ جاری رکھیں گے۔ہمیں اپنی توانائیوں کو 8 فروری 2024 کو پولنگ والے دن کے لیے بروئے کار لانا چاہیے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے اور وزیر اعظم عمران خان کے نامزد امیدوار بھاری اکثریت کے ساتھ اسمبلیوں میں واپس آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پاکستان کو جمہوری راستے پر ڈالنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ قانون اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین سائفر کیس میں جرم ثابت ہونے پر سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو  10 سال قید کی سزا سنا دی۔ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ہوئی۔

فیصلہ سنائے جانے کے وقت بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

More Stories
آئی ایم ایف قرض کے ساتھ مزید شرائط، منی بجٹ لانے کا خدشہ