تحریک انصاف نے 3 مارچ کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کردیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹٰی آئی) نے 3 مارچ کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹٰی آئی) نے 3 مارچ کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کر دیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار کاغذات نامزدگی 23 اور 24 فروری کو جمع کرا سکیں گے۔

پارٹی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 23 اور 24 فروری کو جمع کرائے جاسکیں گے، انتخابات کے لیے اسکروٹنی 25 فروری کو ہوگی، اور پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات میں کاغذات نامزدگی پر فیصلے 27 فروری تک ہوں گے۔

شیڈول کے مطابق تحریک انصاف انٹراپارٹی انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی، اور پولنگ سنٹرل آفس سمیت چاروں صوبائی سیکرٹریٹ میں ہوگی۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے 5 فروری کو انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں انٹرا پارٹی الیکشن مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ انٹرا پارٹی الیکشن مؤخر کرنے کا فیصلہ عام انتخابات میں ورکرز کی مصروفیات کے باعث اور پارٹی رہنماؤں کی تجویز پر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کرائے گئے انٹرا پارٹی الیکشن سپریم کورٹ نے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے عام انتخابات سے پہلے بلے کا نشان چھین لیا تھا۔ جس پر تحریک انصاف نے عام انتخابات سے 2 روز قبل انٹرا پارٹی انتخابات کروانے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں الیکشن مؤخر کرتے ہوئے عام انتخابات کے بعد کرائے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

More Stories
اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ سیل کردیا