جماعت اسلامی کا پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا فیصلہ

جماعت اسلامی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ تعاون نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حتمی فیصلہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے وفاقی سطح پر کسی اور جماعت کے ساتھ اتحاد کیا، صرف خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی سے اتحاد کا کوئی جواز نہیں، پی ٹی آئی سے بات چیت دونوں حکومتوں سے متعلق تھی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر محمد علی سیف نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں جماعت اسلامی کی نمائندگی نہیں رہی، اب جماعت اسلامی کے ساتھ حکومت بنانے کا کوئی جواز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ صرف کے پی میں حکومت سازی پر بات چیت چل رہی تھی، حکومت سازی کے لیے قانونی طریقہ کار کو دیکھا جا رہا ہے۔

ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی سے اتحاد کے حوالے سے ابتدائی مشاورت کی جس کے مطابق جماعت اسلامی نے طے کیا تھا کہ قومی سطح پر تحریک انصاف سے اشتراک عمل قومی مفاد میں ہوگا۔ لیکن تحریک انصاف نے اپنے موقف کو تبدیل کیا ہے۔

قیصر شریف نے کہا کہ تحریک انصاف نے قومی سطح پر اتحاد کی بات کی تھی اور بغیر بتائے یہ اتحاد خیبر پختونخوا تک محدود کر دیا، اب وہ خیبرپختونخوا میں بھی جس سے چاہیں اپنے معاملات طے کرلیں۔

ترجمان جامعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جس کے ساتھ بھی اتحاد کرنا چاہے کر لے جماعت اسلامی کو خوشی ہوگی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جماعت اسلامی کا فیصلہ ہے کہ ہم اس طرح کے اتحاد میں نہیں چل سکتے، تحریک انصاف چاہے تو خیبرپختونخوا میں بھی کسی اور کے ساتھ اتحاد کرلے۔

More Stories
آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کا حکم