عمران خان نے وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کے لیے علی امین گنڈاپور کو نامزد کر دیا

وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا کے لیے علی امین گنڈاپور کو نامزد کر دیا ہے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے خیبرپختونخوا کے لیے وزیر اعلیٰ کا نام بتا دیا، بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے کوئی اتحاد نہیں ہوگا، ان کے علاوہ تمام جماعتوں سے بات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جن کو لے کر آئے ہیں وہ سب سے بڑے منی لانڈرر ہیں، انتخابات سے ملک میں معاشی استحکام آتا ہے، ان انتخابات سے ملک میں معاشی عدم استحکام آئے گا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ چھوٹی موٹی دھاندلی ہوتی تھی، اتنی بڑی دھاندلی ملک کی تاریخ میں نہیں ہوئی، نواز شریف اور مریم نواز انتخابات ہار چکے ہیں، یہ جن کو مسلط کر رہے ہیں، انہیں عوام نہیں مان رہی، انتخابی نتائج کو ہر فورم پر چیلنج کریں گے۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پریس کانفرنس ملتوی کرنے پر ہم جان گئے تھے الیکشن جیت گئے ہیں، عالیہ حمزہ نے جیل میں بیٹھ کر ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیے، رزلٹ رکنا شروع ہوئے تو یقین ہوگیا کہ پی ٹی آئی جیت گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بنی گالہ شفٹ نہیں کر رہے، بشریٰ بی بی کو بھی اڈیالہ لا رہے ہیں، بشریٰ بی بی کی بھی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر آج سماعت ہونی ہے، رؤف حسن سے آج پہلی مرتبہ ملاقات ہوئی ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ خان صاحب کیا وفاق یا صوبے میں حکومت بنائیں گے۔

جس کا جواب دیتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم سب سے پہلے انتخابی نتائج کو چیلنج کر رہے ہیں، ہم انتخابی نتائج کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے، اب پتہ چل گیا کہ ہم آر اوز کے الیکشن کے خلاف کیوں تھے، وزیرِ اعظم کے لیے ابھی کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا اس پر غور کروں گا۔

More Stories
مسلح افواج، عدلیہ کے افسران بھی تحائف توشہ خانہ میں جمع کرانے کے پابند ہوں گے، بل پیش