جہانگیر ترین کے فیصلے دکھ ہوا، وہ ہمیشہ ہم سب کے سرپرست اعلیٰ رہیں گے، علیم خان

اسلام آباد : استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ جہانگیر خان ترین صاحب کے فیصلے سے دلی دُکھ ہوا۔ وہ ہمیشہ آئی پی پی اور ہم سب کے سرپرست اعلیٰ رہیں گے۔

علیم خان نے کہا کہ اُن کا کسی بھی حکومت میں ہونا اُس حکومت کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاست سے ہٹ کر وہ انسانیت کا درد رکھنے والی شخصیت ہیں۔ بطورچھوٹا بھائی اور آئی پی پی صدر کی حیثیت سے انھیں اور اُن کی فلاحی سرگرمیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

اس سے پہلے جہانگیر خان ترین نے اپنے ایک بیان میں پارٹی چیئرمین شپ اور سیاست سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس الیکشن میں میری حمایت کی اور اپنے مخالفین کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔

جہانگیرترین نے کہا کہ میں پاکستانی عوام کی مرضی کا بے پناہ احترام کرتا ہوں،اس لئے میں نے آئی پی پی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دینے اور سیاست سے یکسر کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میں آئی پی پی کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے میں ذاتی حیثیت میں اپنی صلاحیت کے مطابق اپنے ملک کی خدمت کرتا رہوں گا، آئندہ چند سالوں میں پاکستان کو ترقی کی منازل طے کرتی نظر آئیں۔

اس سے قبل جہانگیر ترین پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ وابستہ رہے اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں ان کا شمار ہوتا تھا۔

More Stories
بغاوت پر اکسانے کا کیس: فواد چودھری پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر