الیکشن 2024: ملک بھر کے مختلف حلقوں میں لڑائی، جھگڑے، تشدد، فائرنگ سے متعدد افراد زخمی، پولنگ بھی روک دی گئی

عام انتخابات کے موقع پر ملک کے مختلف حلقوں میں جھگڑے، تشدد، فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے.

عام انتخابات کے موقع پر ملک کے مختلف حلقوں میں جھگڑے، تشدد، فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے اور ان حلقوں میں پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔

کوٹ ادو میں دو امیدواروں کے حامیوں میں جھگڑا

کوٹ ادو کی تحصیل چوک سرور شہید میں دو امیدواروں کے حامیوں میں جھگڑا ہوا، فائرنگ اور ڈنڈے لگنے سے 15 افرد ازخمی ہو گئے اور پولنگ روک دی گئی۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں نشتر اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے، لڑائی آزاد امیدوار مرتضیٰ رحیم کھر اور لیگی امیدوار امجد عباس چانڈیہ کے حامیوں میں ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او سید حسنین حیدر اور رینجرز اہلکار موقع پر پہنچ گئے، معاملہ ووٹوں سے متعلق تلخ کلامی کے باعث پیش آیا۔

چکوال میں سیاسی جماعت کے کیمپ پر دو گروپوں میں فائرنگ

چکوال کے حلقے این اے 59 کے پولنگ اسٹیشن اکوال کے باہر سیاسی جماعت کے کیمپ پر دو گروپوں میں فائرنگ ہوئی جس میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل روک دیا جبکہ زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر چکوال کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تلہ گنگ پولنگ اسٹیشن نمبر 163 سے 400 میٹر دور ہوا، پولنگ کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دو افراد کی ذاتی دشمنی کے باعث فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ کا پولنگ کے عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

گوجرانوالہ میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں میں جھگڑا

گوجرانوالہ میں حلقہ 79 این اے گورنمنٹ ہائی اسکول واہنڈو پولنگ اسٹیشن پر  پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا جس کے نتیجے میں ن لیگ کا ایک کارکن زخمی ہوگیا۔

نصیرآباد: پیپلز پارٹی اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں جھگڑا

نصیرآباد کے حلقے پی بی 13 میں پولنگ اسٹیشن جاگن خان عمرانی میں پیپلز پارٹی اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں جھگڑا ہوا، جھگڑے کے دوران فائرنگ میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔

لکی مروت: دو سیاسی جماعتوں میں تصادم، 2 افراد زخمی

لکی مروت کے حلقے این اے 41 شاہ حسن خیل کے میرولی پولنگ اسٹیشن میں تصادم ہوا ہے، جھگڑا دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، تصادم کے باعث پولنگ روک دی گئی۔

صادق آباد: جھگڑے کے دوران ڈنڈے لگنے سے 5 افراد زخمی

صادق آباد چک نمبر 171کے پولنگ اسٹیشن پر دو سیاسی جماعتوں میں جھگڑا ہو گیا، جھگڑے کے دوران ڈنڈے لگنے سے 5 افراد زخمی ہوئے۔

More Stories
آئی ایم ایف نے قرض پروگرام کے ساتھ ہی خطرہ کی گھنٹی بجادی