قلعہ سیف اللہ: جے یو آئی ف کے انتخابی دفتر کے باہر دھماکا، 12 افراد جاں بحق

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علمائے اسلام ف کے دفتر کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکا قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 251 میں جے یو آئی کے انتخابی دفتر کے باہر ہوا، یہاں سے مولانا عبدالواسع جے یو آئی کے امیدوار ہیں۔ دھماکے میں جے یو آئی کے امیدوار مولانا عبدالواسع محفوظ ہیں۔

دھماکے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے دھماکوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

اس سے قبل بلوچستان کے ہی ضلع پشین میں خانوزئی کے علاقے میں آزاد امیدوار کے دفتر کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

واضح رہے خانوزئی میں پی بی 47 میں دھماکا انتخابی امیدوار اسفند یار کاکڑ کے دفتر کے باہر ہوا تھا۔

More Stories
سائفر کیس: امریکہ میں پاکستان کے سابق سفیر اسد مجید کا بیان قلمبند