اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ سیل کردیا

اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے جنرل باڈی اجلاس سے قبل ہی سیکرٹریٹ آفس کو سیل کر دیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ سیل کردیا، اسلام آباد پولیس اہلکاروں نے مرکزی دفتر جانے والے راستے بند کردیے، اور دفتر کے اطراف بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

اسلام آباد کے سیکٹر جی ایٹ میں واقع پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ آفس کو تھانہ کراچی کمپنی پولیس کی جانب سے سیل کر دیا گیا، تحریک انصاف کی جانب سے آج جنرل باڈی اجلاس طلب کر رکھا تھا تاہم پولیس نے آج ہونے والے اجلاس سے قبل ہی سیکرٹریٹ آفس کو سیل کر دیا ہے۔

واضح رہے آج احتساب عدالت نے بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کو 14،14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے، دونوں ملزمان پر فی کس 78 کروڑ 70 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ تاہم دونوں ملزمان 10 سال کے لیے نا اہل بھی قرار دیے گئے ہیں۔

گزشتہ روز بھی سائفر کیس میں خصوصی عدالت نے آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت سابق وزیر اعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔ سابق وزیراعظم اور سابق وزیرخارجہ کو سزا خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے سنائی۔

یاد رہے اسی حوالے سے آج تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں اجلاس طلب کیا گیا تھا، عمران خان کی سزا اور الیکشن کے حوالے سے تحریک انصاف کے سرکردہ رہنماؤں نے پارٹی کا اگلا لائحہ عمل طے کرنا تھا۔

More Stories
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی