کراچی اور ٹانک میں پی ٹی آئی کی ریلیوں پر پولیس کا کریک ڈاؤن، آنسو گیس کی شیلنگ

پاکستان تحریک انصاف کی ٹانک اور کراچی میں منعقدہ انتخابی ریلیوں پر پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے کلفٹن پر پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی ہے جبکہ پولیس نے ریلی کے شرکا پر لاٹھی چارج کیا ہے۔

کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے کلفٹن میں ریلی نکالنے کی اجازت نہیں لی تھی اس لیے پارٹی کارکنوں کو منتشر کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر حبا فواد چودھری نے چیئرمین پیپلزپارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘کہاں ہے بلاول زرداری جو کہتا تھا کہ میں خواتین پر حملے نہیں ہونے دوں گا اور انہیں جیلوں میں بھی نہیں رکھوں گا اج اسی  کراچی میں خواتین پر شیلنگ بھی ہو رہی ہے اور پتھر بھی برسائے جا رہے ہیں’

 

ادھر صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ٹانک میں بھی پی ٹی آئی رہنما شیر افضل خان مروت کی قیادت میں لکی مروت سے ڈیرہ اسماعیل خان تک نکالی جانے والی ریلی پر پولیس نے مبینہ طور پر آنسو گیس کے شیل فائر کیے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے آج ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بڑے سیاسی جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔ جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل پر آج ملک کے مختلف حصوں میں انتخابی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کی قیادت میں لکی مروت سے ٹانک جانے والی ریلی جب ٹانک کی حدود میں داخل ہوئی تو گل امام کے مقام پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی اور پولیس کی جانب سے ان پر آنسو گیس کے شیل بھی پھینکے گئے ہیں۔

ٹانک ریلی کے منتظمین کا کہنا ہے کہ انھوں نے متعلقہ پولیس سے ریلی کی اجازت لے رکھی تھی۔ جبکہ مقامی پولیس کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے ریلی کے شرکا پر آنسو گیس شیل فائر نہیں کیے بلکہ اس وقت متعلقہ مقام پر کچھ شرپسند عناصر موجود تھے جنھیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل فائر کیے گئے ہیں۔

ٹانک ریلی میں شریک عبد المالک کا کہنا تھا کہ آنسو گیس کے شیل سے کارکنوں میں بھگدڑ مچ گئی تھی تاہم انھوں نے پولیس کا مقابلہ کیا اور رکاوٹیں عبور کر کے ٹانک پہنچ گئے ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ریلی نکالی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کے لیے ان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے تھے۔

More Stories
آئندہ عام انتخابات تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے، الیکشن بروقت ہوں گے،ایاز صادق