سپریم کورٹ کے متنازع اور غیرمقبول فیصلوں کی فہرست میں ایک اضافہ ہوا ہے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما گوہر علی خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اپیل کو منظور کرنے اور پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کریں گے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان واپس لیے جانے کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا پی ٹی آئی کے ارکان آٹھ فروی کو ہونے والے انتخابات میں آزاد حثیت سے حصہ لیں گے اور وہ اپنے امیدواروں کی الیکشن مہم چلائیں گے۔

بیرسٹر گوپر علی خان نے کہا کہ انھیں سپریم کورٹ کے فیصلے سے انتہائی مایوسی ہوئی ہے۔ فیصلے سے سپریم کورٹ کے متنازع اور غیرمقبول فیصلوں کی فہرست میں ایک اضافہ ہوا ہے۔ تیکنیکی بنیادوں پر تحریک انصاف کا انتخابی نشان واپس لیا گیا اور 14 درخواستیں کروڑوں عوام کی امنگوں پر بھاری قرار دی گئی ہیں۔

بیرسٹر گوہر علی خان کا مزید کہنا تھا کہ فیصلہ کروڑوں ووٹرز کے حق کو سلب کرنے کی جانب ایک قدم ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلے رہے نہ رہے، لوگ 8 فروری کو عمران خان کی آواز پر ووٹ دیں اور تحریک انصاف کامیاب ٹھہرے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اس عدالتی فیصلے کے بعد ان کی جماعت ملک بھر میں 226 خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے نامزدگی کرنے سے محروم ہو گئی ہے۔اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ انتخابات 2024 کے نتیجے میں بننے والی حکومت ہارس ٹریڈنگ نہ کرے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان چھین لیا گیا ہے اور یقینی طور پر تاریخ اس تاریخی فیصلہ پر اپنا فیصلہ صادر کرے گی۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ چونکہ اب تحریک انصاف کے امیدوار آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لیں گے اس کے لیے ہم نے پہلے سے حکمت عملی ترتیب دے رکھی ہے کیونکہ ہمیں اندازہ ہو چکا تھا کہ سپریم کورٹ سے فیصلہ کیا آئے گا۔

More Stories
سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف ایک اور نیب ریفرنس دائر