سیاسی جماعتیں قرضوں سے نکلنے کا منشور دیں، نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد : نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں عوام کے ساتھ ایسے وعدے کریں جو وہ پورے بھی کر سکیں، ہم اپنی ضروریات قرضوں پر پوری کریں گے تو یہ ملک کے لیے ٹھیک نہیں ہے، سیاسی جماعتیں قرضوں سے نکلنے کا منشور دیں۔

نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن نے ہی انتخابات کرانے ہیں اور صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں گے، نگراں حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر طرح کی معاونت کی جا رہی ہے۔الیکشن کمیشن کو سہولتوں کی فراہمی نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے۔

نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 2024 انتخابات کا سال ہے اور الیکشن سے چند دن دور ہیں، معیشت، اقتصادیات کی بہتری وقت کی ضرورت ہے۔ سیاست ضرور کریں لیکن ملک کے مستقبل پر سیاست نہ کریں۔ سیاستدانوں کو چاہیے کہ حقیقت پسندانہ وعدے کریں جو آپ پورے بھی کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی کہتا ہے کہ 300 یونٹ بجلی فری کر دوں گا، یونیورسٹی تک کی تعلیم مفت کر دوں گا، ان سب چیزوں سے ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ ہمارے بنیادی مسائل کچھ اور ہیں، سیاست دانوں کو چاہیے کہ حقیقت پسندانہ وعدے کریں۔ایسا منشور پیش نہ کیا جائے جس پر آپ بعد میں کام نہ کرسکیں۔

نگراں وزیر مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ الیکشن کی طرف جا رہے ہیں اس میں 2 چیزیں بہت اہم ہوں گی، ایک جھوٹے وعدے اور دوسرا فیک نیوز کا معاملہ، میں درخواست کرتا ہوں کہ صحافی برادری اس معاملے پر عوام کا ساتھ دے فیکٹ چیک کریں اور جو لوگ جھوٹے وعدے کریں ان کو اسی وقت ٹوکا جائے کہ ایسا وعدہ نہ کریں جو آپ پورا نہ کرسکیں۔

More Stories
190 ملین پاونڈ اسکینڈل کیس میں زلفی بخاری دوبارہ طلب