الیکشن 2024 کے لیے جمع ہونے والے تقریباً 26 ہزار کاغذاتِ نامزدگی میں سے 22 ہزار 711 منظور

اسلام آباد : 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں جمع کروائے جانے والے کاغذات نامزدگی سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تفصیل جاری کی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر قومی اور صوبائی اسمبلی کیلئے کل 25 ہزار 951 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔ جن میں 24 ہزار 698 مرد امیدوار اور ایک ہزار 253 خواتین شامل ہیں۔

26 ہزار کی قریب ان امیدواروں میں سے 7 ہزار 473 نے قومی اسمبلی اور 18 ہزار 478 نے صوبائی اسمبلیوں کیلئے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق موصول ہونے والے کاغذاتِ نامزدگی میں سے کل تین ہزار 15 مرد امیدواروں اور دو سو 25 خواتین امیدواروں کے کل 3 ہزار 240 کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 فروری 2024 کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلی کیلئے منظور کیے جانے والے کاغذات نامزدگی کی کل تعداد 22 ہزار 711 ہے۔ جن میں 21 ہزار 684 مرد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے اور ایک ہزار 27 خواتین کے کاغذات پر الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی اعتراض سامنے نہیں آیا۔

آئندہ عام انتخابات کیلئے قومی اسمبلی کیلئے 6 ہزار 94 مرد اور 355 خواتین کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ہیں۔ جبکہ صوبائی اسمبلی کیلئے 15 ہزار 590 مرد اور 672 خواتین کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے ہیں۔

More Stories
مصباح الحق کو کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ