فوج  عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو مطلوبہ تعاون فراہم کرے گی، کورکمانڈر کانفرنس

راولپنڈی : دو روزہ کور کمانڈر اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا ہے کہ پاک فوج آئندہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت دو روزہ کور کمانڈرز اجلاس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور دیگر دہشتگرد گروپوں کی افغانستان میں محفوظ پناہ گاہوں، وہاں سے آزادی کے ساتھ کارروائیوں اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ فورم نے سمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور دیگر غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے علاوہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوج ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرتی رہے گی۔فورم نے سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں انڈین فوج کی مسلسل جبر اور انسانی حقوق کی قابل مذمت خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔شرکا نے انڈین فوج کی شہریوں کے اغوا، تشدد اور قتل کی حالیہ کارروائیوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں جو بہادر کشمیریوں کے جائز حق خوداردیت کے جذبے کو پست نہیں کرسکتیں۔

More Stories
آئی ایم ایف کا وفد آج پی ٹی آئی سمیت ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا