توہین الیکشن کمیشن کیس : سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری پر فردجرم ایک بار پھر مؤخر

اسلام آباد : ‏توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر فواد چودھری پر فردجرم ایک بار پھر مؤخر کردی۔ الیکشن کمیشن نے 27 دسمبر کی نئی تاریخ رقم کر دی۔

ممبر نثار درانی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا چار رکنی  بینچ کیس کی سماعت کیلئے اڈیالہ جیل راولپنڈی پہنچا۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر فواد چوہدری کے وکلا بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔

دوران سماعت فواد چودھری کی جانب سے توہین الیکشن کمیشن کیس میں اوپن ٹرائل کی استدعا کی گئی۔ موقف اپنایا کہ ہمیں کیس سے متعلق کاپیاں فراہم نہیں کی گئی نہ ہماری دستاویزات اندر آنے دی گئیں، دستاویزات کے بغیر نہیں بتا سکتا کہ مجھ پر کیا کیا الزامات ہیں۔

کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔توہین الیکشن کمیشن کی سماعت 27 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی سماعت کے بعد کمیشن کے ممبران اڈیالہ جیل سے واپس رانہ ہو گئے۔

پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے الزام لگایا کہ ہمیں پوری فائلیں لے کراندر نہیں جانے دیا گیا، ادھ گھنٹے تک ہماری فائلیں چیک ہوتی رہیں اور  ہم کھڑے رہے،  کمیشن ممبران انتظار کرکے واپس روانہ ہو گئے،ہم سمیت ایڈووکیٹ جنرل تک نہیں پہنچ پائے، اس لئے فرد جرم عائد نہیں ہو سکی وکیل نے  موقف اپنایا کہ اوپن ٹرائل،اور فرد جرم عائد کرنے کے لئے میڈیا، پبلک،رشتے دار اور وکلاء موجود ہونے چاہئیں۔

More Stories
پاک، ایران کشیدگی: کب کیا ہوا؟