آپ نے عمدہ کیس پیش کیا:آئی ایم ایف ایم ڈی کی شہباز کی تعریف

اسلام آباد : آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا نے 3 ارب ڈالر کے معاہدے کے لیے عمدہ کیس پیش کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں وزیراعظم پاکستان نے آئی ایم ایف کے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی معاہدے میں تعاون پر آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایم ڈی آئی ایم ایف کے غریبوں کا احساس کرنے کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے تعاون کو قابل قدر قرار دیا۔
ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا آئی ایم ایف اور پاکستان میں مضبوط شراکت داری اور باہمی اعتماد ہے، پاکستان آئی ایم ایف کا اہم ممبر ہے، مدد جاری رہے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی معمولی خلاف ورزی کو بھی برداشت نہیں کروں گا۔
ایم ڈی آئی ایم ایف کا کہنا تھا وزیراعظم شہباز شریف نےآئی ایم ایف بورڈ کے لیے نہایت عمدہ کیس پیش کیا، بورڈ کو ماضی کے اعتماد کے فقدان کے باعث معاہدے پر عمل درآمد پر شک تھا، وزیراعظم سے مسلسل رابطہ رہنے پر بورڈ کو یقین دلایا گیا کہ پاکستان وعدے پورے کرے گا۔
کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کو بتایا کہ وہ وزیراعظم پاکستان سے ذاتی طور پر ملی ہیں، بورڈ کو بتایا کہ شہباز شریف کو وعدے پورےکرنے پر سنجیدہ پایا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا یہ حکومت اگست تک رہے گی جس کے بعد عبوری حکومت آ جائے گی، مجھے یقین ہے نگران حکومت ذمہ داریوں کو پورا کرتی رہے گی، عوام نے دوبارہ منتخب کیا تو آئی ایم ایف کی مدد سے معیشت کو بہتر کریں گے۔
وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا سے پاکستان کے بہترین آموں کا ذکر کیا اور کہا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف کو بطور احترام آموں کا تحفہ بھیجنا میرے لیے اعزاز ہو گا۔

More Stories
ایک ہفتے میں زرمبادلہ ذخائر میں تقریباً 40 کروڑ ڈالر کا اضافہ