توہین الیکشن کیس : عمران خان اور فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں ۔ اسد عمر کے وکیل کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کو منظور کر لیا گیا جبکہ عمران خان اور فواد چودھری کے وکیل ہی پیش نہ ہوئِے۔

الیکشن کمیشن ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ،  فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی،  اور فواد چوہدری کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا۔

اسد عمر کی جانب سے معاون وکیل عمائمہ منصور الیکشن کمیشن پیش ہوئی اور حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ انور منصور میڈیکل  چیک اپ کیلئے چھٹیوں پر ہیں، اسد عمر بھی میڈیکل چیک اپ کے سلسلے میں مصروف ہیں۔

کمیشن کے ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ اس طرح تو ہر مرتبہ سماعت ملتوی نہیں کرسکتے، توہین عدالت کے کیس میں حاضری لازمی ہوتی ہے۔ کمیشن کے ممبر نثار درانی نے کہا کہ اس طرح تو کیس ختم ہی نہیں ہوگا۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چودھری کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25 جولائی تک ملتوی کردی۔

More Stories
فوجی عدالتوں میں شہریوں کا ٹرائل : حکومت نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کروادیا