سیلاب متاثرین کےلئے رقم نہ ملی توبجٹ منظورنہیں ہونے دیں گے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پیسہ نہیں ملا تو پیپلز پارٹی بجٹ منظور نہیں ہونے دے گی۔سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور حکومتی معاشی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم پر دوہرے معیار کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کچھ اور بجٹ میں کچھ اور سامنے آیا، ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیراعظم اپنی ٹیم میں شامل ان لوگوں سے حساب لیں جو وعدے پورے کرنے میں رکاوٹ ہیں۔ وزیراعظم کی نیت پر شک نہیں، انہوں نے خود سیلاب کی تباہی دیکھی، وہ سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے کریں، ہم عوام کا خیال رکھتے ہیں جبکہ دوسری جماعتیں مخصوص افراد کا خیال رکھتی ہیں۔

بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں  کہا کہ پیپلزپارٹی الیکشن کیلئے تیار ہے، اتحادیوں سے بھی کہیں گے کہ تیاری پکڑیں، جس طرح میئرکراچی کا الیکشن جیتے ہیں اسی طرح پورے ملک میں جیت کردکھائیں گے، چار سال وفاق میں چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت مسلط تھی، اس دور میں جو لوگ گالی دیتے تھے وہ لوگ وزیر بن جاتے تھے، سوات کے عوام دہشت گردوں سے بہادری کے ساتھ مقابلہ کررہے تھے، جب ہم نے حکومت سنبھالی ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم ان دہشت گردوں سے مقابلہ کریں گے۔ جو سلیکٹڈ ہم پر مسلط کیا گیا تھا اس نے دہشت گردوں کو واپس یہاں آباد کرایا، ہم ہر دہشت گرد سے مقابلہ کریں گے۔
9 مئی کے حوالے سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ 9 مئی کے واقعات میں جو ملوث تھے ان کو پیغام ہے ہم آپ کو معاف نہیں کریں گے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر چڑھا دیا گیا، ہمارے جیالوں نے اپنے آپ کو جلا دیا، 19 سال کی عمر میں میں نے کہا تھا کہ جمہوریت ہمارا انتقام ہے۔جو لوگ سنگین جرائم میں ملوث ہیں ان کو ہمارے حوالے کرنا پڑے گا، ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہمیں آپریشن کرنا پڑے، اس مطالبے میں پی پی کی سوچ اور سوات کے عوام کی سوچ ایک ہی ہے۔ایک طرف دہشت گردی کا مسئلہ پہلے سے تھا مگر سیاسی دہشت گردی کو بھی روکنا پڑے گا، سیاسی دہشت گردی کا جواب سختی سے دینا پڑے گا۔

More Stories
العزیزیہ ریفرنس کیس:جج ویڈیو سیکنڈل کیس کی پیروی نہ کرنے کی استدعا منظور