لوکل گورنمنٹ ایکٹ ترمیمی بل کیخلاف فیصلہ آیا تو میئر کا الیکشن کالعدم ہوگا، نعیم الرحمان

کراچی : جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ ترمیمی بل کے حوالے سے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے، اگر فیصلہ ترمیمی بل کی منظوری کیخلاف آیا تو میئر کا الیکشن کالعدم قرار دے دیا جائے گا۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے میئر کراچی کے انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ آج پورا ملک کراچی کے عوام کی پشت پر کھڑا ہوگیا ہے، پورے ملک کےعوام نے کراچی کےعوام سے اظہار یکجہتی کیا اور چوروں کو بےنقاب کیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 1970ء میں مینڈیٹ چوری کا کام شروع کیا تھا جسے آج تک جاری کیا ہوا ہے، پیپلز پارٹی نے 1970ء میں ملک توڑ دیا لیکن مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا، کل مئیر کےانتخاب میں 31 لوگوں کے ایوان میں نہ ہونے کی نشاندہی کی تو انہوں نے کہا ہمیں نہیں پتا۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی اے ٹیم کا کردار ادا کرتا رہا، پیپلز پارٹی زبردستی مئیر بنا سکتی ہے مگر کراچی کےعوام نے ان کے مئیر کو تسلیم نہیں کیا، پی ٹی آئی کے 31 لوگوں کو غائب کیا گیا اور ان کے گھر والوں کو ڈرایا دھمکایا گیا۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم 31 لوگوں کو غائب کرنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں جائیں گے، اگر الیکشن کمیشن سے انصاف نہیں ملا تو عدالت جائیں گے، پیپلز پارٹی کو اس وقت پورا پاکستان مینڈیٹ چور اور ڈاکو کہہ رہا ہے۔

More Stories
سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی