عماد وسیم کا انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر غور، شاہین شاہ کو کیا مشورہ دیا؟

فٹنس انٹرنیشنل معیار کی ہے، کم بیک پر شاہین کے ساتھ بات نہیں ہوئی: عماد وسیم

قومی ٹیم کے سابق آل رائونڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا دروازہ کھلا رکھا ہے، ان کے مطابق ابھی حتمی طور پر تو کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن اگر پاکستان کرکٹ کو اشد ضرورت ہوئی تو پھر دیکھا جائے گا۔

پاکستان میں کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو ابوظہبی سے خصوصی انٹرویو میں عماد وسیم نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینا میرا اپنا فیصلہ تھا، ساتھیوں سے مشورہ پہلے ہی کرلیا تھا، مستقبل میں کم بیک کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا تاہم کوئی نہیں جانتا کہ زندگی کہاں لے جاتی ہے،اگر پاکستان کرکٹ کو اشد ضرورت ہوئی تو پھر دیکھوں گا۔
انھوں نے کہا کہ دنیا بھر کی لیگز کا معیار انٹرنیشنل کرکٹ جیسا ہی ہوتا ہے،اگر کوئی بیٹنگ، 4اوورز بولنگ اور فیلڈنگ کرسکتا ہے تو اس کا مطلب ہوا کہ فٹنس انٹرنیشنل معیار کی ہے، اگر نہ ہو تو لیگز والے کبھی نہ بلائیں۔

امریکا اور ویسٹ انڈیز کی اسپنرز کے لیے سازگار کنڈیشنز میں شیڈول ٹی 20ورلڈکپ 2024 کے لیے قومی اسکواڈ میں ممکنہ شمولیت کے سوال پر انھوں نے کہا کہ یہ اگر مگر کی بات ہے،جب کوئی حتمی فیصلہ ہوا تو وہ سب کے سامنے ہوگا، میں سوچ سمجھ کر کوئی قدم اٹھاؤں گا، اگر ایسا کوئی موقع نہیں بنتا تو فی الحال میں جہاں ہوں وہیں خوش ہوں۔

ایک سوال پر عماد وسیم نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی اب پاکستانی ٹی 20ٹیم کے کپتان ہیں، میں ان کو پہلے بھی مشورے دیتا تھا، اب بھی دیتا ہوں کہ جو بھی کرنا ہو دل سے اور پاکستان کے لیے کرو،ان کے ارد گرد موجود لوگ بھی انھیں اچھے مشورے دے سکتے ہیں، ابھی ہم آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں مصروف ہیں، میری کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، ایسا ہو تو سب کو معلوم ہوہی جائے گا، ابھی ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ سے بھی کوئی بات نہیں ہوئی، ریٹائرمنٹ سے قبل پی سی بی آفیشلز اور میں ایک ہی پیج پر تھے۔

More Stories
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے دوسری قسط کی منظوری دے دی