اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ تمام اوورسیز پاکستانی خبردار رہیں، بلیو ورلڈ ایک بڑا فراڈ اور ن لیگ کا ٹاؤٹ ہے، یہ پی ٹی آئی پر الزامات ن لیگ کے کہنے پر لگائے جا رہے ہیں، بندہ اوقات دیکھ کہ بات کرتا ہے۔
سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے بلیو ورلڈ سٹی مالکان کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ "ہماری پی ٹی آئی حکومت کو غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز پر سب سے بڑی تشویش تھی جو سمندر پار پاکستانیوں کو لوٹ رہی تھیں، ہماری سٹڈی سے پتہ چلتا ہے کہ بلیو ورلڈ سب سے بڑا فراڈ تھا جو پاکستانیوں کو دھوکہ دے رہا تھا۔
سابق معاون خصوصی نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ بلیو ورلڈ سٹی کے پاس 300 کنال سے کم تھی اور وہ 4000 کنال سے زیادہ فروخت کر چکے تھے، بلیو ورلڈ سٹی اور اس کے مالکان سب سے بڑے دھوکہ باز اور پونزی اسکیم ہیں۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ ترک سفیر اس مشکوک کمپنی سے پریشان تھے اور مجھے فون کیا، میں نے ترک سفیر سے کہا کہ ان سے دور رہیں، میں تمام اوورسیز پاکستانیوں کو خبردار کرتا ہوں کہ بلیو ورلڈ ایک بڑا فراڈ اور نون لیگ کا ٹاؤٹ ہے۔
زلفی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ یہ پی ٹی آئی پر الزامات ن لیگ کے کہنے پر لگائے جا رہے ہیں، بندہ اوقات دیکھ کہ بات کرتا ہے۔
اس سے پہلے ٹوررازم سوسائٹی بلیو ورلڈ سٹی کے چیئرمین چودھری سعد نذیر نے الزام عائد کیا تھا کہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سابقہ دور کے وہ افراد جن کو آج پاکستان میں سارے ادارے ڈھونڈنتے پھر رہے ہیں، جن میں بڑے بڑے نام ہیں، انہوں نے ایک کردار ادا کیا اور اے آر ڈی نے ہمارے خلاف اس وقت بھی آپریشن شروع کر دیئے۔