بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں چھپے خزانوں کی دریافت میں اپنا کردار ادا کریں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ پاکستان میں چھپے خزانوں کی دریافت میں اپنا کردار ادا کریں۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان منرل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے تمام اداروں کے ساتھ مل کر ایس آئی ایف سی کے قیام کو یقینی بنایا۔ حال ہی میں قائم کی گئی سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کا قیام تمام شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر لاتا ہے۔ذرا اپنے ملک پر نظر تو ڈالیں ، برف پوش پہاڑوں سے لے کر صحرائوں کی وسعت تک ،ساحلی پٹی سے میدانی علاقوں تک اس سر زمین میں کیا کچھ نہیں ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ امن اور خوشحالی کے راستے پہ گامزن رہنا ہی استقامت ہے۔معدنیاتی پروجیکٹس عوام کی ترقی کا زینہ ہیں۔ سورہ رحمان میں اللہ رب العزت نے فرمایا ہے کہ اور تم اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے۔ اگر ہمارا یہ مشترکہ عزم رہا تو پھر آسمان کی بلندیاں ہماری حد اور اسکی وسعتیں ہماری منتظر ہیں۔

آرمی چیف نے قرانی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کی کہ اللہ ان کی مدد کرتا ہے جو خود اپنی مدد آپ کرتے ہیں۔آرمی چیف نے بیرک گولڈ کے سی ای او اور پریذیڈنٹ مارک برسٹو  اور سعودی مائننگ منسٹر  انجینئیر خالد بن صالح المدیفر اور دیگر سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کیا

آرمی چیف نے علامہ اقبال کا شعر بھی پڑھا

تیرے دریا میں طوفاں کیوں نہیں ہے

خُودی تیری مسلماں کیوں نہیں ہے

عبث ہے شکوہِ تقدیرِ یزداں

تو خود تقدیرِ یزداں کیوں نہیں ہے

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ یہ ہماری معاشرتی ذمہ داری ہے کہ ہم مل کر ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کریں۔ہمیں کبھی امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے۔ہماری سرزمین بہت سے معدنیات سے مزین ہے اور اس صلاحیت کو مکمل طریقے سے استعمال میں لانے کے لیے ہم نے بیرونی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ پاکستان میں چھپے خزانوں کی دریافت میں اپنا کردار ادا کریں۔

آرمی چیف کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلا منرل سمٹ پاکستان میں ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں آسان کاروبار کے نئے اصول وضع کرتا ہے۔ہم ایسے سرمایہ کار دوست نظام کو یقینی بنائیں گے جس میں آسان شرائط اور غیر ضروری التواء سے بچا سکے۔ہمارے ملک میں موجود کان کنی کے وسیع تر مواقع ہیں جو کہ مشترکہ کاوشوں سے عمل پذیر لائے جائیں گے۔

آرمی چیف نے امید کے دامن کو تھامے رکھنے اور اللہ رب العزت پر یقین و ایمان رکھنے پر زور دیا اور قران کریم کے سورہِ بقرہ کی آیت کی تلاوت کی جس کا ترجمہ ہے :

اور ہم ضرور تمہیں خوف اور بھوک اور جان و مال و ثمرات سے آزمائیں گے ۔ اُن پر جب کوئی مصیبت پڑتی ہے تو کہتے ہیں ؛ بے شک ہم اللہ کی طرف سے ہیں اور ہمیں اُسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔

More Stories
چیئرمین سینیٹ کا سفر، رہائش مفت۔ اہلخانہ کے لئے بھی مفت علاج اور گاڑیوں کی سہولت