اسلام آباد : وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ مٹی سے ترقی کا سفر شروع کرنے جا رہے ہیں اس کیلئے ہم نے حکمت عملی تیار کر لی ہے، پاکستان میں معدنیات کے بے تحاشہ وسائل موجود ہیں جن کو استعمال کرکے ملک میں انقلاب لا سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ معدنیاٹ کے شعبے میں 3 کام کرکے انقلاب لا سکتے ہیں، سب سے پہلے کھدائی، پھرمعدنی مٹی سے دھاتوں کو نکالنا اوراسکے بعد انڈسٹریزلگا کرخام مال کو ایکسپورٹ کرنا ہے۔ملک میں معدنیات کے 6.1 ٹریلین ڈالر کے ذخائر موجود ہیں انکو استعمال کرکے ملک کو ترقی کی جانب گامزن کریں گے، جس کا سب سے زیادہ فائدہ مزدور طبقے کو ہوگا، انکو روزگار کے مواقع ملیں گے۔
مصدق ملک نے کہاکہ پاکستان کے نوجوانو تم لوگ مایوس نہ ہو کیونکہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔ اگر ترقی کرنی ہے تو ہم مٹی نہیں بیچیں گے ہم ترقی بیچیں گے، لوگوں کو روزگار کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں معدنیات سے متعلق انڈسٹریز لگائی جائے گی، مائننگ سےغریب عوام کو فائدہ ہوگا، گوادر میں بھی انڈسٹریل زون بنائے جائیں گے۔
وزیر مملکت مصدق ملک نے کہاکہ ہم مٹی سے ترقی بیچیں گے، یہ مٹی سے ترقی کا سفر ہے، جبکہ سونا اور تانبا ملک کی تقدیر بدلے دے گا، سرمایہ کاروں کو پاکستان آنے کی دعوت دیں گے جو لوگ پاکستان کے ترقی کے سفر میں شریک ہونا چاہتے ہیں انکو خود ایئرپورٹ پر جا کر رسیو کریں گے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کو نوکر شاہی نے تباہ کر لیا ہے اس کو ختم کرنا ہوگا، عام آدمی اور سرکاری افسر کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہوگا۔ ہم ایک جامع پیکج بنائیں گے جس کے تحت سرمایہ کاری کے لیے آنے والے فرد کو چند شرائط پوری کرنی ہوں گی اور باقی ذمہ داری حکومت کی ہوگی۔