بینک آف چائنہ اسلام آباد برانچ کا افتتاح: مشکل حالات میں تعاون کے انتہائی مشکور ہیں، اسحاق ڈار

اسلام آباد : وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں اور یقین ہے کہ پاکستان کی معیشت جلد بہتر ہو جائے گی۔

بینک آف چائنہ اسلام آباد برانچ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بینک آف چائنا اور پاکستان کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔انہوں نے چین کی حکومت کا پاکستان کے مشکل حالات سے نکالنے کے لیے ہر قسم کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور چین کے نائب وزیر اعظم اور ان کے وفد کی پاکستان آمد پر پاکستان کی جانب سے اظہار تشکر بھی کیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے چینی قیادت کے ساتھ مل کر سی پیک کا منصوبہ شروع کیا تھا جس کے اثرات پاکستان کی ترقی میں نمایاں دکھائی دے رہے ہیں۔

حکومتِ پاکستان کی دعوت پر چینی صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندے، چین کے نائب وزیر اعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن ہی لیفنگ تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں موجود ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے سنیچر کو جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق چینی نائب وزیر اعظم اپنے دورہ کے دوران سی پیک کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے اور پاکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔

چینی نائب وزیراعظم سی پیک کی دہائی منانے والی تقریب میں بطور مہمان خصوصی بھی شرکت کریں گے۔

More Stories
بلیم گیم، تفریق کی سیاست نہیں ہوگی، عوام کی توقعات پر پورا اتروں گا، مرتضیٰ وہاب