آج جانے والے عوام کا سامنا نہیں کرسکیں گے، علی امین گنڈا پور

اسلام آباد : سابق وزیر دفاع پرویزخٹک کی جانب سے نئی جماعت کے اعلان پر ترجمان پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری ردِ عمل میں کہا گیا ہے کہ مون سون جاری ہے اور ملک میں ساون کے گھاس کی طرح سیاسی جماعتیں اُگ رہی ہیں اور ملک میں جمہوریت کی کھڑی فصل کو 14 جماعتی ٹڈی دَل سے تباہ کرکے سیاست کو جھاڑ جھنکار سے آباد کرنے کی کوشش جاری ہے۔

ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ پنجاب میں ’استحکام‘ پارٹی کی طرح خیبرپختونخوا میں ’پارلیمنٹیرین‘ نامی پارٹی بھی ناکام ہوجائے گی۔ملکی سیاست طرح طرح کے رنگوں سے نکل کر سیاہ و سفید میں ڈھل چکی ہے۔قوم یک زبان، ہم آواز اور یکجا ہوکر پوری یکسوئی سے آئین و قانون کی حکمرانی اور حقیقی آزادی کا پرچم تھامنے والے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے خیبرپختونخوا کے صدر علی امین گنڈا پور کا پرویز خٹک کی نئی پارٹی کے قیام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز خٹک کی قیادت میں بے ضمیروں کے ٹولے کی عوام میں کوئی حیثیت نہیں۔

ان کا کہنا تھا تحریک انصاف بھرپور مقابلہ کرے گی اور عوام کی سپورٹ سے الیکشن جیتے گی۔ آج جو لوگ نئی پارٹی کے قیام پر خوشی منا رہے ہیں یہ ان کی وقتی خوشیاں ہیں۔ آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے۔تحریک انصاف سے آج بزدلوں کا صفایا ہوگیا۔ آج جانے والے عوام کا سامنا نہیں کرسکیں گے۔ عوام ان کو ائینہ دکھائے گی۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ آج یہ میڈیا سے چھپ کر آئے الیکشن میں عوام سے چھپیں گے۔ تحریک انصاف چھوڑنے والے اپنے زور بازو پر کونسلر کی سیٹ بھی نہیں جیت سکتے۔عمران خان کی وجہ سے یہ لوگ اسمبلی پہنچے آج ان لوگوں نے احسان فراموشی کی۔ عوام الیکشن میں اپنے ووٹ سے بدلہ لے گی۔ تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی سیاست میں ایک حقیقت ہے۔

More Stories
سال 2023 کا اختتام: کون کون سے اہم کھلاڑیوں نے کرکٹ کو خیر باد کہا؟