آئی ایم ایف سے پاکستان کو ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط موصول ہوگئی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار

اسلام آناد : وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ شب واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے قرض پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔ یہ 9 ماہ کا پروگرام ہے جس کے تحت پاکستان کو 3 ارب ڈالر ملنے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائی معاہدے میں یہ طے پایا تھا کہ ابتدائی قسط ایک ارب 20 کروڑ ڈالر ہوگی اور ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کی باقی رقم 2 جائزوں کے بعد ملے گی جو کہ نومبر اور فروری میں ہوں گے۔ میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط آئی ایم ایف نے سٹیٹ بینک کے اکاؤنٹ میں منتقل کردی ہے۔

اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا کہ اس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئے گی اور جمعہ کو ’کلوزنگ‘ کے وقت مزید بہتری نظر آئے گی۔رواں ہفتے سٹیٹ بینک کے ذخائر میں خالصتاً 4 ارب 20 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، توقع ہے کہ جمعہ 14 جولائی کو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 13 سے 14 ارب ڈالر کے درمیان کلوز ہوں گے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ یہ طے کیا کہ نویں جائزے کے بجائے ایک چھوٹا سٹینڈ بائی معاہدہ کرلیں، اگر نواں جائزہ ہوتا تو پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر نہیں ملنے تھے۔ جون کے آخر میں آئی ایم ایف کے ساتھ یہ معاہدہ طے ہوا جسے 9 ماہ تک محدود کیا گیا ہے تاکہ جو بھی نئی حکومت آئے وہ اپنے فیصلے کرسکے۔

More Stories
شہباز شریف مسلم لیگ ن کے بلا مقابلہ صدر، مریم نواز سینئر نائب صدر منتخب