190 ملین پاؤنڈز سکینڈل اور توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع

اسلام آباد : احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز سکینڈل سے متعلق کیس میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش نہ ہو سکے اور ان کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔

عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ نو مئی کے کئی کیسز ہیں جن کی وجہ سے عمران خان کی لاہور عدالت میں پیشی تھی۔نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عدالت میں پیش ہوئے۔ جج احتساب عدالت نے پی ٹی آئی کی حاضری کی استثنیٰ کی درخواست نیب کو بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔

عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے استدعا کی کہ ہماری پیشی کی اگلی تاریخ 19 جولائی ہے اس روز ہی دلائل رکھ لیں جبکہ بشری بی بی کی بھی ضمانت کا کیس ہے۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کر دی اور 19 جولائی کو چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی عبوری ضمانت پر حتمی دلائل طلب کر لئے۔

دوسری جانب احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ حانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کر دی۔

More Stories
پرامن، شفاف الیکشن کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں: مرتضیٰ سولنگی