ٹائی ٹینک کے ملبےکی سیاحت کے لئے جانے والی لاپتہ آبدوز میں 2 پاکستانی بھی شامل

بحر اوقیانوس میں غرقاب ٹائی ٹینک کے ملبےکی سیاحت کے لئے جانے والی لاپتہ آبدوز میں 2 پاکستانی بھی شامل ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق بحراوقیانوس میں 111 سال قبل غرق ہونے والے جہاز ٹائی ٹینک کے ملبے کا نظارہ کرنے کے لیے جانے والی لاپتہ آبدوز کی تلاش جاری ہے، یہ آبدوز کینیڈا کے جزیرے نیو فاؤنڈلینڈ سے روانہ ہوئی تھی۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق اتوار کے روز سفر کے آغاز کے ایک گھنٹہ 45 منٹ بعد ہی آبدوز کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا، ہمارا اندازہ ہےکہ ہمارے پاس اس وقت 70 سے 96 گھنٹے دستیاب ہیں، سرچ آپریشن کا علاقہ کافی دور دراز ہے، اس سرچ آپریشن میں ایک آبدوز اور دو ہوائی جہاز حصہ لے رہے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لاپتہ آبدوز میں 5 افراد کی گنجائش تھی اور اس میں 5 افراد ہی سوار تھے، ان فراد میں 2 پاکستانیوں سمیت ایک برطانوی ارب پتی بھی شامل ہیں جبکہ دیگر دو عملے کے افراد میں آبدوز کے پائلٹ اور ایک تکنیکی ماہر موجود ہیں۔اس آبدوز میں سوار پاکستانی شہریوں میں شہزادہ داؤد اوران کے بیٹے سلیمان بھی شامل ہیں۔

شہزادہ داؤد پاکستان کی ایک نجی کمپنی کے نائب چیئرمین ہیں۔نجی کمپنی کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر واقعے کی تصدیق کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہےکہ شہزادہ داؤد اور اُن کے بیٹے سلیمان نے بحر اوقیانوس میں ٹائی ٹینک کی باقیات کو دیکھنے کے لیے سفر کا آغاز کیا تھا۔فی الحال آبدوز سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ان کی تلاش کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔

More Stories
پاکستان کی پندرہویں قومی اسمبلی آج تحلیل ہوجائے گی