پاکستانی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارتی شہری ملوث ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، اُن ممالک سے رابطے میں ہیں جہاں سے بھارت دہشتگردی کراتا رہا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، اُن ممالک سے رابطے میں ہیں جہاں سے بھارت دہشتگردی کراتا رہا ہے۔ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں ملوث ہے، بھارت بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کو جن دہشتگرد عناصر سے خطرہ ہے وہ افغانستان میں چھپے ہیں، ہم نے افغانستان کو اس حوالے سے ثبوت بھی فراہم کیے ہیں۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیرِ خارجہ جلیل عباس جیلانی بیلجیئم میں ہیں،  وزیرِ خارجہ کل وزراء کے انڈو پیسفک فورم میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے وزیرِ خارجہ نے 29 جنوری کو پاکستان کا دورہ کیا، ایرانی وزیرِ خارجہ نے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، آرمی چیف اور دیگر سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی حکام سے اچھی کمیونیکیشن ہوئی ہے، ایرانی وزیرِ خارجہ کا دورہ پاکستان کامیاب رہا، دونوں ممالک نے مل کر دہشتگردی کے چیلنج سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ ایران میں پاکستانیوں کا قتل غیر انسانی ہے، پاکستان اور ایران نے اس عمل کی مذمت کی ہے، کل ان پاکستانیوں کی لاشیں پاکستان آگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے قتل سے متعلق ایران سے قریبی رابطے میں ہیں، توقع ہے کہ ایران اس واقعے کی تحقیقات کے بعد پاکستان کو معلومات دے گا، گزشتہ ہفتے سیکریٹری خارجہ نے پاکستانی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارتی شہریوں کے ملوث ہونے کے ثبوت دیے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر ذمے دار ٹھہرایا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو غزہ میں جاری اسرائیلی افواج کی جارحیت پر شدید تشویش ہے، اقوامِ متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے فنڈنگ کی معطلی کے فیصلے پر تشویش ہے۔

More Stories
راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھاربارش سےالمناک واقعہ،12 مزدورجاں بحق