بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 11 دہشتگرد ہلاک اور 7 یرغمالی بازیاب

دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

بلوچستان کے ضلع مچھ میں دہشت گردوں کے حملے کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا جس کے دوران 11 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، جبکہ 7 یرغمالیوں کو بھی بازیاب کرا دیا گیا ہے۔

ترجمان محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق حالیہ کلیئرینس آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی نے 11 دہشت گرد مار دیے جبکہ دہشت گردوں کی جانب سے یرغمال بنائے گئے 7 شہروں کو بھی بہ حفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔ علاوہ ازیں دوران آپریشن دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق مچھ اور کولپور میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ممکنہ خود کش حملہ آوروں سمیت 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ 3 دہشت گرد زخمی ہو ئے تھے۔

دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 2 معصوم شہری بھی شہید ہوئے۔

More Stories
انسدادِ دہشتگردی کے چھ مقدمات میں عمران خان کی ضمانت میں توسیع