عمران خان نے اقتدار جاتا دیکھ کر قومی سلامتی کو داؤ پر لگایا جس کا نتیجہ آج آگیا، نوازشریف

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے 3 بار وزارت عظمیٰ سے نکالا گیا مگر کبھی میں نے قومی راز فاش نہیں کیے لیکن عمران خان نے اقتدار جاتا دیکھ کر ملک پر حملہ کر دیا جس کا نتیجہ آج آگیا۔

ہارون آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ میں نے ہر ظلم سہا مگر قومی سلامتی کو داؤ پر نہیں لگایا۔ ہمارے خلاف لڑنے والے اپنا کوئی منصوبہ تو سامنے لائیں، ہمارے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا، اگر مجھے وزارت عظمیٰ سے نہ نکالا جاتا تو آج ملک میں بیروزگاری نہ ہوتی۔

نوازشریف نے کہاکہ تبدیلی والوں نے ملک کا حشر نشر کر دیا، ہمارے دور میں پیٹرول، بجلی، ڈالر سمیت ہر چیز سستی تھی اور ہم نے آئی ایم ایف کو بھی خیرباد کہہ دیا تھا مگر بعد میں آنے والی حکومت کشکول لے کر عالمی مالیاتی ادارے کے پاس پہنچ گئی۔ ہم نے اپنے دور میں لوڈشیڈنگ ختم کی اور سستی بجلی لوگوں کو مہیا کی، ہمارے دور میں جس کا بل ایک ہزار آتا تھا آج اس کا بل 20 ہزار روپے آ رہا ہے۔ نوازشریف یاد تو آتا ہو گا۔

قائد ن لیگ نے کہاکہ ہمارے دور میں لوگوں کو سستی ادویات مل رہی تھیں مگر آج لوگوں کے پاس علاج معالجے کی سہولیات اور پیسے نہیں ہیں۔نوازشریف نے ایک بار پھر جسٹس اعجاز الاحسن کو نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جن ججوں نے مجھے جیل میں ڈالا وہ استعفیٰ دے کر جا رہے ہیں۔دال میں کچھ کالا اور چور کی داڑھی میں تنکا ضرور ہے۔انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہاکہ ہم ایٹمی دھماکے کرتے ہیں جبکہ یہ شہدا کے مجسمے جلاتے ہیں۔

نوازشریف نے کہاکہ میرے ساتھ جو کیا گیا اس کی تلافی تو ممکن نہیں مگر عوام کے ساتھ جو ہوا اس کا مجھے بہت افسوس ہے۔والد، والدہ کے جنازے کو میں کندھا نہیں دے سکا، اور پھر جب میری اہلیہ کلثوم فوت ہوئی تو جیل میں اطلاع ملی۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق عمران خان کا دور کرپٹ ترین تھا، کہاں ہے ثاقب نثار جس نے عمران خان کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دیا ہوا تھا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف کے دور میں ہمیشہ عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں۔ نواز شریف کو جب پاناما میں سزا ہوئی تو عمران خان مٹھائیاں تقسیم کر رہا تھا مگر نوازشریف نے ایسا نہیں کیا۔عمران خان کو جب اپنے لوگ چھوڑ کر چلے گئے تو اس نے سائفر کا ڈراما کیا۔

مریم نواز نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ ن کو جتوانا ہے تاکہ ترقی کا پہیہ پھر سے چل سکے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کیا سیاسی جماعتیں شہدا کی یادگاروں کو آگ لگاتی ہیں۔ عوام 8 فروری کو فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں۔کہتے تھے نوازشریف کی سیاست ختم کر دوں گا، مگر آج وہی نواز شریف اور عوام کا سمندر ہے۔ عمران خان کا جرم بیٹے سے تنخوا نہ لینا نہیں تھا، اس نے تو سنگین جرم کیا،نواز شریف کو جیلوں میں ڈالا گیا مگر کبھی قومی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی۔

More Stories
این اے 17 ایبٹ آباد : سردار مہتاب عباسی کا پی ٹی آئی کے علی خان جدون کی حمایت کا اعلان