سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کا جلسہ: نوازشریف کا نوجوانوں کو 20،20 سال کے قرضے دینے کا اعلان

سیالکوٹ : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنا ہمارا منصوبہ ہے، نوجوانوں کو 20، 20 سال کے قرضے دیں گے تاکہ خود کاروبار کریں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے سیالکوٹ میں پارٹی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں بہت خوش ہوں، آپ کہہ رہے ہیں کہ مجھ سے پیار کرتے ہیں، میں کہنے لگا تھا کہ میں بھی آپ سے پیار کرتا ہوں۔ سیالکوٹ کی موٹروے ہم نے بنائی مگر افتتاح کا موقع نہیں مل سکا، ہم سیالکوٹ موٹروے دوبارہ بنائیں گے۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کا مستقبل پیٹرول بم اور کیلوں والے ڈندے نہیں بلکہ آئی ٹی اسٹارٹ اپ ہیں، باعزت روزگار ہے اور اچھی یونیورسٹیاں اور کالجز ہیں۔8 فروری کو شیر پر جتنی مہریں لگیں گی یہ ملک اتنی ترقی کرے گا۔

سیالکوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ سیالکوٹ واحد شہر ہے جہاں نواز شریف وطن واپسی کے بعد دوسری بار آ چکے ہیں۔ووٹ کو صرف ایک پرچی نہ سمجھا جائے،8 فروری کو پاکستان میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، اس لیے اُس روز کوئی بھی مسلم لیگ کا ووٹر گھر نہ بیٹھے اور پولنگ بوتھ پر جا کر خود بھی ووٹ ڈالے اور اپنے محلے والوں کو بھی ترغیب دے۔

مریم نواز نے کہا کہ ووٹ کو صرف ایک پرچی نہ سمجھا جائے اسی نے آپ کی قسمت کا فیصلہ کرنا ہے۔ شیر پر جتنی مہریں لگیں گی یہ ملک اتنی ترقی کرے گا۔نوازشریف کو خواجہ آصف اور سیالکوٹ سے پیار ہے، اقتدار میں آنے کے بعد یہاں کے مسائل کو حل کریں گے۔

اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہاکہ آج سارا ملک نواز شریف کی طرف دیکھ رہا ہے۔ سیالکوٹ والوں نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ 8 فروری کو شیر کی جیت ہوگی، سیالکوٹ والو آئی لو یو ۔آج سارا ملک نوازشریف کی طرف دیکھ رہا ہے۔

شہبازشریف نے سیالکوٹ میں پارٹی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ جلسے نے ہماری تھکن دور کردی۔ سیاسی مخالفین کہتے ہیں کہ ن لیگ باہر نکل کر جلسے نہیں کررہی، کیا یہ جلسہ ہم کمرے میں کر رہے ہیں۔سیاسی مخالفین کا 8 فروری کو جنازہ نکل جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کا جلسہ ثابت کر رہا ہے کہ سیاسی مخالفین کا 8 فروری کو جنازہ نکل جائے گا، نوازشریف کی حکومت بننے کے بعد ملک کو خوشحالی کی طرف لیکر جائیں گے، نوازشریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ ہم نے بچوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹائم دیے۔ نوازشریف کی چلتی ہوئی حکومت کو گھر بھیجا گیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی حکومت بننے کے بعد ملک کو خوشحالی کی طرف لیکر جائیں گے، نوازشریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ نواز شریف نے 6 ایٹمی دھماکے کرکے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، امریکا کے کہنے باوجود بھی نوازشریف نے ایٹمی دھماکے کیے، نوازشریف نے امریکی صدر کو کہا تھا کچھ بھی ہوجائے بھارت کو منہ توڑ جواب دوں گا۔

More Stories
9 مئی: پنجاب حکومت کا ہائی پروفائل کیسز میں ضمانتیں منسوخ کرانے کا فیصلہ