بلوچوں کو ان کی دھرتی کا حق دلوائیں گے، آصف علی زرداری

اسلام آباد : سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہےکہ جو دوست بندوق اٹھائیں ان کو سمجھائیں کہ آپ کیوں ہتھیار اٹھاتے ہیں، جمہوریت پر چلیں۔ کسی کا باپ، بیٹا، بھانجا اور بھتیجا مرتا ہے تو کیوں لوگ اس طرف جاتے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی لڑنے کی بات نہیں کی، پوری کوشش کریں گے کہ بلوچوں کو ان کا حق دلوائیں گے۔

حب میں پیپلز پارٹی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ حب کو کراچی کے جیسا ہونا چاہیے، ایک گھنٹے کا فاصلہ ہے لیکن یہاں اسپتال نہیں، اسپتال ہونا چاہیے، اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں ہونی چاہیے ہیں،غریب کا کام کرنا عبادت سمجھتے ہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ امن و امان کی صورت حال بہتر ہوگی تو کراچی کے سرمایہ کار حب آئیں گے، میں کہتا ہوں بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور حب دماغ کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ حب میں بھی اسکول کالجز اور یونیورسٹیاں ہونی چاہیے ہیں۔ حب کا بجٹ یہاں نظر نہیں آتا شاید دوستوں کی جیب میں آتا ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خود جا کر بلوچوں سے بات کروں گا، بلوچستان کے لیے بہت محنت کر رہا ہوں۔ آپ لوگ بھی میرا ساتھ دیں اور بھولے بھٹکے دوستوں کو واپس آنے کی دعوت دیں۔ اسلام آباد میں بیٹھا ہر شخص سمجھتا ہے کہ وہ بلوچستان کو جانتا ہے۔ لیکن سب کو سمجھنا چاہیے کہ آپ کی، ہماری اور بلوچستان کی بقا جمہوریت میں ہے۔

سابق صدر کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت کے لیے جنگ کی اور اب بھی کر رہے ہیں، آپ سب الیکشن والے دن ہمارے امیدواروں کو ووٹ دیں۔

More Stories
صوابی کے مقدمہ میں اسد قیصر کی حفاظتی ضمانت کی درخواست عدم پیروی پر خارج