ڈاکٹر ثانیہ نشتر گلوبل ویکسین الائنس ’گاوی‘ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر گلوبل الائنس فار ویکسی نیشن اینڈ امیونائزیشن ’گاوی‘ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کر دی گئیں، 18 مارچ کو چارج لیں گی، تنظیم کے لیے عطیات جمع کرانا ان کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا۔

”گاوی“ کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے سربراہ پروفیسر ہوزے مینیوئل بیروزو نے کہا ہے کہ قومی اور بین الاوامی سطح پر قیادت کے تیس سالہ تجربے کی مدد سے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے صحتِ عامہ کے مساوی حق کی علم بردار کی حیثیت سے غیر معمولی شناخت اور شہرت یقینی بنائی ہے۔

ویکسین الائنس گاوی نے سوشل میڈیا پرڈاکٹر ثانیہ نشتر کو اپنی نئی چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر تعینات کرنے کا اعلان کیا، ڈاکٹر ثانیہ نشتر اس وقت بطور سینیٹر خدمات انجام دے رہی ہیں، 18 مارچ 2024 کو یہ ذمہ داری سنبھالیں گی۔

گاوی کے مطابق تربیت یافتہ ڈاکٹر نشتر نے 30 سالوں میں عالمی صحت عامہ کے رہنما کے طور پر ایک شاندار کیریئر بنایا، انہوں نے 2018 اور 2022 کے درمیان سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے بارے میں اس وقت کے وزیر اعظم کے معاون خصوصی کے طور پر خدمات انجام دیں، اور وفاقی وزیر بھی رہیں۔

2013 میں پاکستان کی نگراں حکومت کے دوران انہوں نے وفاقی وزیر صحت کے طور پر ذمہ داری کے ساتھ خدمات انجام دیں، اپنے دفتر میں رہنے کے دوران شفافیت کے ساتھ کام کیا اور تعریف حاصل کی۔

واضح رہے گاوی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ہے جو دنیا بھر کے نصف سے زائد بچوں کو خطرناک بیماریوں کے بچاؤ کی ویکسی نیشن یقینی بناتی ہے۔ یہ تنظیم ویکسین کے اخراجات ادا کرنے میں بھی ہاتھ بٹاتی ہے۔

تاہم ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو تنظیم کے لیے عطیات جمع کرنے کے حوالے سے اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک بڑا ایونٹ جون میں ہوگا جس کی مشترکہ میزبانی فرانس اور افریقا سی ڈی سی کر رہے ہیں۔

گاوی کے مطابق ڈاکٹر نشتر کی تقرری ایک اہم وقت پر ہوئی ہے کیونکہ 2026 تا 2030 تک کی نئی حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے بورڈ کی منظوری حاصل کرنا ہوگی، مستقبل کی حکمت عملی کے ساتھ ساتھ، فنڈ اکٹھا کرنا ڈاکٹر نشتر کے لیے اہم ترجیح ہوگی۔

More Stories
سویڈن جیسی حرکت دوبارہ ہوئی تو ہم سے کوئی گلہ نہ کرے، وزیراعظم شہباز شریف