الیکشن کمیشن کولیول پلئنگ فیلڈ کے حوالے سے تحریک انصاف کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کولیول پلئنگ فیلڈ کے حوالے سے تحریک انصاف کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے ہدایت کی کہ تمام آئی جیز تحریک انصاف کے رہنماوں کو تنگ نہ کریں۔ عدالتی حکم کے بعد چیف الیکشن کمشنر سے پی ٹی آئی وکلا کی ملاقات بھی ہوئی۔

قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نیاز اللہ نیازی نے عدالت کو بتایاکہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے نہیں دیے جارہے،عمیر نیازی عدالت میں موجود ہیں، ان کے والد کےکاغذات نامزدگی پھاڑے گئے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کہ کیا ان تحفظات پر الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے؟ اس پر نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بھی آ گاہ کردیا ہے، جسٹس اطہرمن اللہ نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ بظاہر لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا الزام درست ہے، عثمان ڈارکے گھر جو ہوا وہ اخبارات میں شائع ہوا ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا الیکشن شیڈول جاری ہو چکا، اب بھی ایم پی اوکے آرڈر جاری ہو رہے ہیں، جس پر قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے استفسار کیا الیکشن کمیشن ایم پی او کے آرڈر کیوں نہیں رکوا رہا؟

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے حکام کو پی ٹی آئی کے وکلا سے ملاقا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اٹارنی جنرل پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن سے ملاقات میں معاونت کریں، قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن تمام آئی جیزکو کہیں کہ تحریک انصاف کے امیدواروں کو تنگ نہ کیا جائے۔

عدالتی حکم پر پی ٹی آئی وکلا کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی وکیل شیعب شاہین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ ہمیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آج ہی پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن فیصلہ جاری کرے گا۔

More Stories
بلاول بھٹو وزیراعظم کے امیدوار ہیں، مسلم لیگ ن کی سیاست ڈرائنگ روم کی سیاست ہے، فیصل کنڈی