بلاول بھٹو وزیراعظم کے امیدوار ہیں، مسلم لیگ ن کی سیاست ڈرائنگ روم کی سیاست ہے، فیصل کنڈی

اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کے وزیراعظم کے امیدوار ہیں، خواہش ہوگی کہ آصف زرداری کو صدر بنائیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست ڈرائنگ روم کی سیاست ہے، خود کو ملک کی بڑی جماعت کہلوانے والی پارٹی الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہے؟

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نواز شریف کے لاہور جلسے اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے مٹھی میں جلسے کا موازنہ کریں تو آپ کو پتا چلے گا کہ عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے، ہم 8 فروری کو الیکشن کے حوالے سے بھرپور تیار ہیں۔ دہشتگردی کے واقعات روزانہ کی بنیاد پر شروع ہوگئے ہیں، ان دہشتگردوں کو ملک میں دوبارہ کس نے آباد کیا اور ان کو کون لایا ہے؟

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتی ہے، پیپلز پارٹی نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے کی بات کرتی رہی ہے اور کر بھی رہی ہے۔ دہشتگردوں کو کس کے کہنے پر کھلے عام چھوڑ دیا گیا؟ دہشتگردی کے واقعات روزانہ کی بنیاد پر شروع ہوگئے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جنگوں میں بھی الیکشن ہوتے ہیں، ہر الیکشن میں حالات اچھے نہیں رہے لیکن تب بھی الیکشن ہوئے، انتخابات کو 8 فروری سے آگے نہیں جانا چاہیے۔ لاڈلے نے ملک میں تباہی کردی ہے، لاڈلہ بننے اور سلیکشن سے بہتر ہے کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھیں، اگر کوئی پارٹی اتنی بڑی ہے تو پھر الیکشن میں دو ماہ کی تاخیر کی بات کیوں کرتی ہے؟۔

More Stories
زراعت،تعمیرات پرٹیکس:پاکستان کی آئی ایم ایف کویقین دہانی